خضدار: اسکول بس پر دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والی مزید دو طالبات شہید، تعداد 8 ہوگئی
خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والی مزید دو طالبات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئیں، جس کے بعد واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہداء میں 7 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہے۔ یہ المناک واقعہ گزشتہ دنوں اس وقت پیش آیا جب ایک نجی اسکول کی بس کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مزید دو طالبات دم توڑ گئیں۔
دوسری جانب واقعے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانہ خضدار میں درج کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
علاقے میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ شہریوں اور والدین میں واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔






