اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان کا مؤثر اور ذمہ دارانہ دفاع، امن اولین ترجیح ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

خیبرپختونخوا کی مختلف جامعات کے طلباء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مظفرآباد میں بلا اشتعال شیلنگ کے نتیجے میں سات سالہ معصوم بچہ ارتضیٰ شہید ہوا، جس بریگیڈ ہیڈ کوارٹر سے یہ حملہ ہوا، اسے پاکستان کی مسلح افواج نے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’’فیلڈ مارشل نے فیصلہ کیا کہ بھارت کے 26 مقامات پر بھرپور جواب دیا جائے گا، اور ہم نے دشمن کے ان تمام مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے جارحیت ہوئی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ 6 اور 7 مئی کو جن بھارتی فضائی اڈوں سے طیارے اڑے، وہ بھی نشانہ بنائے گئے، لیکن پاکستان نے کبھی کسی سویلین آبادی یا بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ ہماری ترجیح امن ہے۔

امن پسندی کے ساتھ قومی اتحاد

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے یہ سمجھا تھا کہ پاکستان جواب نہیں دے گا، لیکن پوری قوم متحد ہوکر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا۔

بھارت کا مکروہ چہرہ اور دہشتگردی کا تعلق

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بیشتر دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو دہشتگرد مساجد کو نشانہ بناتے اور انسانیت سوز مظالم کرتے ہیں، ان کا اسلام اور پختون روایات سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشتگرد بھارت کے آلہ کار ہیں، اور ان کے رہنما خارجی نور ولی جیسے افراد شریعت کے نام پر کفر کے ساتھ گٹھ جوڑ کو جائز قرار دیتے ہیں، جو اسلام کی روح کے خلاف ہے۔

افغانستان کے حوالے سے پیغام

افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہے، لیکن افغان اشرافیہ کو خبردار کیا کہ وہ بھارت کے پیسوں پر نہ بکیں اور پاکستان دشمن عناصر کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں۔

کشمیر بنے گا پاکستان

ڈی جی آئی ایس پی آر نے خیبرپختونخوا کے عوام اور قبائل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج دوبارہ وقت آگیا ہے کہ ہم متحد ہو کر یہ عہد کریں: کشمیر بنے گا پاکستان۔‘‘

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button