اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، شہری سہولیات کو عالمی معیار تک لانے کا عزم
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف فوری اور بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دارالحکومت کو منظم، خوبصورت اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کی جانب عملی قدم ہے۔
بغیر منظوری تعمیر شدہ گھروں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بغیر منظور شدہ گھروں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سیٹلائیٹ میپنگ کی مدد سے تمام غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی جائے گی اور متعلقہ ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ “شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انتظامیہ، سی ڈی اے اور دیگر ادارے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔”
شہری سہولت کے لیے نئے اقدامات، قیمتوں پر کنٹرول اور صفائی پر زور
وزیر داخلہ نے متعلقہ ایس پیز اور اے سیز کو ہدایت دی کہ وہ فعال کردار ادا کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول، اور عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات کی بھی سختی سے ہدایت کی۔
عوام کا اعتماد، انتظامیہ کا تشخص
محسن نقوی نے کہا کہ “پولیس اور انتظامیہ کا تشخص تب ہی بہتر ہو سکتا ہے جب عوام ان پر اعتماد کریں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے افسران نئے انیشیٹوز لے کر آئیں، اور اس مشن کو قومی جذبے کے ساتھ آگے بڑھائیں۔”






