اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے عشائیہ: قومی اتحاد، یکجہتی اور عزم کی شاندار مثال

اسلام آباد:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایک پُروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدرِ مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، سیاسی و عسکری قیادت، وفاقی وزراء اور تمام صوبوں کے گورنرز و وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تقریب ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے پس منظر میں عوامی جذبے، قومی اتحاد اور عسکری ہم آہنگی کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔

عشائیے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان سمیت سینئر فوجی افسران نے شرکت کی، جبکہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کی موجودگی نے اس تقریب کو مزید وقار بخشا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیاسی قیادت کی دور اندیشی اور اسٹریٹیجک بصیرت کو سراہا، جنہوں نے ملکی سلامتی اور یکجہتی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا اور نوجوانوں کی بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف جرأت مندانہ مزاحمت کو ’’آہنی دیوار‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارت کاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا جنہوں نے قومی وقار کو بلند رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکائے تقریب نے اس اہم موقع پر افواجِ پاکستان کی قربانیوں، قوم کے جذبۂ حب الوطنی اور قیادت کے مدبرانہ فیصلوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ عشائیہ اس عزم کا مظہر تھا کہ پاکستان ایک مضبوط، متحد اور پُرامن مستقبل کی جانب پُرعزم قدموں سے بڑھ رہا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button