اسلام آباد: پاکستانی عازمین حج کی مقدس سرزمین حجاز روانگی کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اب تک 244 پروازوں کے ذریعے 55,642 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ آج مزید 19 پروازیں 4,558 عازمین کو مقدس مقامات تک پہنچائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج پروازوں کا سلسلہ 31 مئی تک بلا تعطل جاری رہے گا تاکہ تمام پاکستانی زائرین کو آرام دہ اور سہولت بخش سفر فراہم کیا جا سکے۔
حج انتظامات کا مکمل جائزہ اور سہولیات کی فراہمی عروج پر
منیٰ اور عرفات میں خیموں کی تنصیب اور دیگر سہولیات کی تیاری تیزی سے جاری ہے تاکہ عازمین حج کو تمام سہولیات کے ساتھ پرسکون عبادت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ تمام پاکستانی زائرین کو مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے قریب مرکزیہ کمپلیکس میں رہائش دی گئی ہے، جبکہ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ، بطحا قریش اور نسیم کے علاقوں میں سرکاری عازمین کے لیے جدید اور آرام دہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا سعودی عرب کا دورہ متوقع
پاکستانی عازمین حج کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے اور حجاج کرام کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا سعودی عرب کا دورہ جلد متوقع ہے۔






