راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بین الاقوامی انٹرویو میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت، قومی یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف واضح پیغام دیا ہے کہ "پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا پانی بند کرنا ممکن نہیں، اور کوئی پاگل ہی ایسی بات سوچ سکتا ہے۔”
عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، سچائی اور اصولوں پر مبنی موقف اپنایا ہے، جبکہ بھارت فریب، جھوٹ اور فلمی بیانیوں سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے جھوٹے الزامات اور من گھڑت کہانیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس پر بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کی دفاعی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا:
"ہمیں اپنی ایئر فورس، آرمی اور نیوی پر فخر ہے۔ جے ایف-17 تھنڈر، جے-10 سی، اور فتح-1 و 2 میزائل ہماری ٹیکنالوجیکل خود انحصاری کی شاندار مثالیں ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے، اور عوام کے جذبے نے پاکستان کو ایک "بنیان مرصوص” بنا دیا ہے جو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہے۔ "دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا تصور تباہ کن ہو سکتا ہے، اور بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ کس آگ سے کھیل رہا ہے۔”
مسئلہ کشمیر پر اصولی مؤقف برقرار
ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کشمیر سے نکلنے والے دریا پاکستان کی زندگی ہیں، اور یہ خطہ عالمی اہمیت کا حامل ہے۔
پاکستان کا امن کا پیغام، مگر دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ دانشمندی سے کشیدگی کو قابو میں رکھا ہے، مگر اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پاکستان کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ شدید اور فوری ہو گا۔






