اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے، اور مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ملکی سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنائے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ اس بات کا اعتراف ہے کہ پاک فوج نے بھارت کے خلاف موجودہ کشیدہ حالات میں بہترین حکمت عملی اپنائی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا، "ہم بھارت کے خلاف مسلح افواج کے شاندار کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جو ملکی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔” انہوں نے موجودہ سپہ سالار کی قیادت میں فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باقاعدہ منظوری دی، جس کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص میں ان کی اعلیٰ عسکری حکمت عملی اور دشمن کو فیصلہ کن جواب دینے کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔
یہ ترقی نہ صرف فوجی قیادت کا اعتراف ہے بلکہ ملکی سیاسی قیادت کی جانب سے دفاعی اداروں پر اعتماد کا اظہار بھی ہے، جو پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔






