اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

خضدار: دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

خضدار — بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ حملہ بھارت کی پشت پناہی یافتہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کیا گیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دشمن نے میدانِ جنگ میں ناکامی کے بعد بزدلانہ حربوں کا سہارا لیتے ہوئے اسکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کا یہ بہیمانہ منصوبہ بھارت میں تیار کیا گیا، جسے بلوچستان میں موجود بھارتی پراکسیز کے ذریعے عملی جامہ پہنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں جہاں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، وہیں کئی بچے زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر اپنانا افسوسناک اور انسانیت سوز عمل ہے۔ بھارت دہشت گردوں کو پاکستان کے بچوں اور عام شہریوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے، جس سے اس کے پست اخلاقی معیار اور مکروہ عزائم پوری دنیا پر عیاں ہو چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ سازوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان اپنے معصوم شہریوں کے خون کا حساب ضرور لے گا اور بھارت کا اصل چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔

قوم غم کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و یکجہتی کے لیے پاک افواج کے ساتھ ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button