نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور موجودہ قیادت نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے صرف جذبہ ہی نہیں، بلکہ اعلیٰ صلاحیت اور فیصلہ کن قیادت بھی ضروری ہے۔ وہ نارووال میں ریسکیو سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
احسن اقبال نے خطاب میں کہا:
"موجودہ قیادت اور افواج پاکستان نے بھارت کو دن میں تارے دکھا دیے۔ یہ وہ قیادت نہیں جو جنگ کے وقت سوال کرتی کہ ‘اب میں حملہ کروں؟’ بلکہ یہ وہ قیادت ہے جو بروقت اور فیصلہ کن جواب دیتی ہے۔”
جنگیں تعداد سے نہیں، صلاحیت سے جیتی جاتی ہیں
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ جنگیں صرف وسائل یا تعداد سے نہیں، بلکہ مہارت، حکمت عملی اور حوصلے سے لڑی جاتی ہیں۔ ان کے بقول:
"بھارت نے اربوں روپے کے جنگی طیارے خریدے لیکن ہماری افواج کی مہارت نے ان جدید جہازوں کو کباڑی کی دکانوں کی زینت بنا دیا۔”
دفاع وطن میں قوم کا اعتماد
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو اپنی افواج پر فخر ہے، اور یہ اعتماد ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی میدان میں حاصل کی گئی کامیابیاں نہ صرف دشمن کے لیے پیغام ہیں بلکہ قوم کے حوصلے کی بھی علامت ہیں۔






