نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی ایک بار پھر انسانی ہمدردی کی مثال بن گئیں۔ جنگ زدہ لبنان میں متاثرہ بچوں اور تعلیم کے شعبے کی مدد کے لیے ملالہ فنڈ کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ جاری کر دی گئی۔
ملالہ یوسف زئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں، جن کے نتیجے میں 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد بچوں کی ہے جو تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لبنان کے ہزاروں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، اور انہیں نہ صرف تعلیم بلکہ ایک محفوظ، مستحکم اور معاون تعلیمی ماحول کی بھی ضرورت ہے۔ ملالہ نے اپنے بیان میں کہا:
"مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ملالہ فنڈ نے لبنان میں تعلیم اور بحالی کی کوششوں کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ فراہم کی ہے۔”
تعلیم کے فروغ کا عزم
ملالہ فنڈ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، اور اس مشکل گھڑی میں لبنان کے متاثرہ بچوں کی مدد کرنا فنڈ کے عزم کی تازہ مثال ہے۔
عالمی سطح پر پذیرائی
ملالہ یوسف زئی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا اور بین الاقوامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ ان کا یہ قدم نہ صرف متاثرہ بچوں کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک پیغام ہے کہ تعلیم اور انسانیت کی خدمت ہر حال میں جاری رہنی چاہیے۔






