اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب: ڈی جی آئی ایس پی آر کا دوٹوک پیغام — "پاکستان کے جواب کی گونج دنیا سنے گی”

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے کی گئی حالیہ اشتعال انگیزی پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا نہ صرف منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو اس کی گونج پوری دنیا میں سنی جائے گی۔

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے انکشاف کیا کہ بھارت نے گزشتہ شب چار میزائل امرتسر میں اپنی ہی تنصیبات پر فائر کیے اور اس کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جو نہ صرف مضحکہ خیز بلکہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور بھارت سے آنے والی ہر چیز کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھارت کی جانب سے فائر کیے گئے 29 ڈرونز کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ ان ڈرونز میں سے صرف ایک کے پھٹنے سے چار جوان زخمی ہوئے، جبکہ باقی تمام کو احتیاط سے تباہ کر دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کے جھوٹے دعوؤں اور پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت خودساختہ کہانیوں کے ذریعے اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب فلمی دنیا سے نکل کر زمینی حقائق کو تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ایئرڈیفنس سسٹم کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑے ہو چکے ہیں، کیونکہ دو روز قبل پانچ بھارتی طیارے ان کے اپنے نظام کے باوجود گرائے گئے۔

ترجمان پاک فوج نے اعلان کیا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں تین سویلین شہید ہوئے ہیں اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، جن میں بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ شامل ہے۔

آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو امن کا خواہاں ہے، مگر کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button