پاکستانی افواج کا جرأت مندانہ جواب، قوم کا سر فخر سے بلند: گورنر سندھ
حیدرآباد: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات نے پاکستان کی افواج کے غیرمتزلزل عزم، قربانی کے جذبے اور قوم کی یکجہتی کو دنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری فوج نے وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے جس پر پوری قوم ناز کر سکتی ہے۔”
سی ایم ایچ حیدرآباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے حوصلے اور قربانی کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ "ہمارے زخمی جوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ ہے، انہیں افسوس ہے تو بس اتنا کہ وہ شہادت کے رتبے پر فائز نہ ہو سکے۔ یہ جذبہ پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا باعث بنے گا۔”
بھارت کو دو ٹوک پیغام، دنیا نے دیکھ لیا
کامران ٹیسوری نے کہا کہ "ہماری افواج نے ایسا تھپڑ مارا ہے کہ بھارت اب ایسی حرکت کے بارے میں سوچے گا بھی نہیں۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ جس کمپنی نے بھارت کو جنگی جہاز فراہم کیے تھے، اب وہ انہیں بغیر تربیت یا پاکستانی پائلٹس کے مشورے کے طیارے دینے سے گریزاں ہے۔
"کمپنی اب یہ کہہ رہی ہے کہ بھارتی پائلٹس کو پاکستانی پائلٹس سے تربیت دلوانا ہوگی، یا پھر بغیر پائلٹ کے جہاز فراہم کیے جائیں گے۔ یہ پاکستان کی عسکری برتری اور پیشہ ورانہ مہارت کا عالمی اعتراف ہے۔”
پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حالیہ کامیابیوں کے بعد پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ "یہ محض ایک جنگی فتح نہیں بلکہ قومی وقار، عالمی اعتماد، اور پاکستانی عوام کے حوصلے کی جیت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ دشمن کا حملہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا، اس کے پیچھے ایک بڑی سازش اور دہشتگردی کا نیٹ ورک تھا، مگر پاکستانی افواج اور قوم نے دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے۔
آئی ایم ایف سے آزادی کا عزم
معاشی محاذ پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے قرضوں سے جلد آزاد ہوگا۔ "ہمیں قرض اتارنے کی ضرورت ہے، اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر اس ملک کا بوجھ کم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔”
اتحاد، قربانی اور عزم کی جیت
گورنر نے کہا کہ پاکستان آج ایک نئے حوصلے، نئی امنگ اور مضبوط موقف کے ساتھ دنیا کے سامنے آیا ہے۔ "یہ صرف افواج کا جذبہ نہیں بلکہ پوری قوم کی غیرت، اتحاد اور قربانی کی جیت ہے۔”






