راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس معطل کر دی گئی
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج شروع کرتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال کر دی، جس کے باعث جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق میٹرو بس سروس کے ملازمین نے احتجاجاً ٹکٹ کاؤنٹرز بند کر دیے، جس کے نتیجے میں روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف میٹرو بس اسٹیشنز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ کئی مسافر متبادل سفری ذرائع تلاش کرنے پر مجبور ہو گئے۔
میٹرو بس سروس کی معطلی کے باعث دفاتر، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر جانے والے شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا ہے۔ مسافروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ سروس بحال ہو سکے۔
تاحال انتظامیہ کی جانب سے مسئلے کے حل یا سروس کی بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا، جبکہ احتجاج جاری ہے۔






