اہم خبریںدنیا

دی وائر کی تحقیقاتی رپورٹ میں مودی حکومت پر کڑی تنقید، "آپریشن سندور” کو فالس فلیگ قرار دے دیا

نئی دہلی: بھارت کی معروف تحقیقاتی نیوز ویب سائٹ "دی وائر” نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں مودی حکومت پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے پہلگام حملے اور "آپریشن سندور” کو ایک "فالس فلیگ” قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ان واقعات کا مقصد عوام کی توجہ اصل حقائق سے ہٹا کر پاکستان مخالف بیانیہ کو فروغ دینا تھا۔

پہلگام حملے سے قبل سیکیورٹی ہٹائی گئی؟
دی وائر کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلگام میں حملے سے محض چند گھنٹے قبل سیکیورٹی ہٹا دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 26 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ سوال یہ اٹھایا گیا ہے کہ اگر سیکیورٹی بروقت موجود ہوتی تو کیا ان جانوں کو بچایا جا سکتا تھا؟

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اس المناک واقعے کو استعمال کرتے ہوئے "آپریشن سندور” کے تحت پاکستان کے خلاف کارروائی کا جواز بنایا، جبکہ اصل حملہ آور اب تک قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔

"آپریشن سندور” کی اصل کہانی اور بھارتی فضائیہ کی خاموشی
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، "آپریشن سندور” کے دوران بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچا، خاص طور پر جدید رافیل طیاروں کی گمشدگی یا ممکنہ تباہی کی خبریں زیرِ گردش ہیں، تاہم مودی حکومت نے اس حوالے سے تاحال کوئی سرکاری مؤقف اختیار نہیں کیا۔

مودی حکومت کی سفارتی ناکامی؟
دی وائر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پاکستان نے جنگ بندی کی بھیک مانگی، لیکن اصل میں سیز فائر کا اعلان واشنگٹن میں امریکی صدر کی ثالثی سے ہوا۔ رپورٹ میں اس اقدام کو مودی سرکار کی سفارتی ناکامی قرار دیا گیا ہے۔

عام شہری بے یار و مددگار، وی آئی پیز محفوظ؟
رپورٹ کے مطابق، پہلگام حملے کے متاثرین کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد ڈیڑھ گھنٹے تک کوئی مدد نہ پہنچی۔ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جب وی آئی پیز کے لیے مکمل سیکیورٹی موجود تھی، تو عام شہریوں کو کیوں لاوارث چھوڑ دیا گیا؟

تجزیہ کاروں کی تشویش: پاکستان مخالف بیانیہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش
دفاعی ماہرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مودی حکومت اصل دہشت گردوں کو پکڑنے کے بجائے پاکستان مخالف بیانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ رویہ نہ صرف بھارتی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button