سلمان اکرم راجہ کا بیان: ’’خان صاحب کو باہر آنا ہے، یہ پاکستانی عوام کا فیصلہ ہے‘‘
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ان پر 20 مقدمات درج ہیں جن کی تفصیلات تک انہیں معلوم نہیں، تاہم وہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں نظام کو آئین اور قانون کے مطابق چلنے دینا ہوگا، اور عمران خان کی رہائی پاکستانی عوام کا اجتماعی فیصلہ ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا، ’’جھوٹ پر پورا نظام کھڑا ہے، صحافیوں کو ان کے دفاتر سے نکالا جا رہا ہے، عدلیہ اور صحافت پر دباؤ ناقابل قبول ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی اس نظام کے خلاف قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ، ’’ہم احتجاجی سیاست کی طرف بڑھ رہے ہیں، سڑکوں پر نکلنا ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔‘‘
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ، ’’جنگیں قومیں لڑتی ہیں، یہ کسی ایک فرد کا کمال نہیں ہوتا۔ ہمیں مل کر اس ملک کے آئین، عدلیہ اور صحافت کو آزاد کرانا ہوگا۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ آئین اور قانون کے مطابق تمام اداروں کو کام کرنے دیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو اور انصاف ہر فرد کو میسر آئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے آخر میں کہا کہ عمران خان کی رہائی عوامی امنگوں کی ترجمان ہے، اور ’’خان صاحب کو باہر آنا ہے، یہ فیصلہ عدالتوں یا اداروں کا نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کا ہے۔‘‘






