اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارت کے منفی رویے پر خدشات، مگر پاکستان کی سفارتی اور عسکری کامیابیاں نمایاں – بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ رویے کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں کہا کہ پاکستان نے عسکری اور سفارتی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور عالمی برادری پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک بڑی سفارتی فتح ہے کہ حالیہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر شامل ہوا، جسے بھارت ہمیشہ ایک اندرونی معاملہ قرار دیتا آیا ہے۔ ان کے مطابق یہ پاکستان کی اصولی اور مستقل مزاج پالیسی کا نتیجہ ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان سیز فائر کو دیرپا امن کی بنیاد بنانا چاہتا ہے، اور ہر قسم کے تنازعات، بشمول مسئلہ کشمیر، کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے پیلگام واقعے پر غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے، جو اس کے امن پسندی کے عزم کی عکاس ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بھارت پر دریا سندھ کے پانی کو ہتھیار بنانے اور دہشتگردی کی پشت پناہی جیسے سنگین الزامات موجود ہیں، جن کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے موجودہ صورتحال میں چین، ترکیہ اور سعودی عرب کے مثبت کردار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنا پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت ملی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button