اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔ عمران خان نے جنید اکبر کو خیبر پختونخوا سے تحریک شروع کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا خیال ہے کہ پی اے سی کی چیئرمین شپ جیسی اہم پارلیمانی ذمہ داری اور تحریک کی قیادت دونوں کو بیک وقت سنبھالنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے جنید اکبر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام تر توجہ تحریک اور احتجاج پر مرکوز کریں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ پی اے سی کی چیئرمین شپ کی ذمہ داری عمر ایوب کو سونپی جائے، تاکہ جنید اکبر خیبر پختونخوا میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی اور عوامی رابطہ مہم پر بھرپور فوکس کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے پارٹی قیادت کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ جنید اکبر کو تحریک کے تمام فیصلے کرنے اور قیادت کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔ اس تحریک کا مقصد عمران خان، دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی، آئینی حقوق کی بحالی اور انتخابی دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر سینئر رہنماؤں تک پہنچا دیا ہے، اور پارٹی اس وقت ایک منظم سیاسی حکمت عملی کے تحت میدان میں آ رہی ہے۔






