اہم خبریںپاکستاندنیا

مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کی کنجی ہے: برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل

لندن — برطانیہ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ پاک بھارت جنگ بندی ایک پائیدار پیش رفت ثابت ہو گی۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ امریکا نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک جنگ بندی پر متفق ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام خطے میں امن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے پہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "جو بھی اس واقعے میں ملوث ہو، اسے قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے، لیکن کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں کہ وہ خود جج بنے اور یکطرفہ کارروائی شروع کر دے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو بھارت کی غیرلچکدار پالیسیوں نے پیچیدہ بنایا ہے، اور اگر بھارت عالمی قوانین کا احترام کرے، تو تمام تنازعات بشمول کشمیر، سفارتی اور پرامن ذرائع سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے اپنے بیان میں زور دیا کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان اور بھارت کا نہیں، بلکہ خطے کے امن و استحکام کا بنیادی مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button