ملکی معاشی صورت حال کیسی ہے؟ وزارت خزانہ نے آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی
ویب ڈیسک: وزارتِ خزانہ نے ملکی معاشی صورتِ حال کے حوالے سے اپنی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق رواں ماہ (نومبر) میں مہنگائی کی شرح 5 سے 6 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان کی معاشی صورتحال محتاط طور پر مثبت دکھائی دے رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خوراک کی قیمتوں اور زرعی پیداوار پر دباؤ موجود ہے، تاہم صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری جاری ہے۔ معاشی اصلاحات کے نفاذ سے اقتصادی سرگرمیوں میں استحکام پیدا ہوا ہے جبکہ فصلوں کا مجموعی منظرنامہ ملا جلا رجحان ظاہر کر رہا ہے۔ مناسب زرعی ان پٹس کی دستیابی سے صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق حکومتی اقدامات سے زرعی سپلائی میں بہتری متوقع ہے اور ربیع سیزن کے دوران زرعی سپلائی کے استحکام کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معیشت بتدریج استحکام کی راہ پر گامزن ہے، ساختی اصلاحات کے نتائج ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، مالی نظم و ضبط میں بہتری آئی ہے اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔
آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق حکومتی اخراجات میں محتاط حکمت عملی جاری رہے گی جبکہ ترسیلاتِ زر میں اضافہ معاشی استحکام کو مزید سہارا دے رہا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ ایل ایس ایم سیکٹر اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ عوامی قرضہ 1371 ارب روپے کم ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پانچ سال بعد پہلی بار کسی ایک سہ ماہی میں قرض میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مہنگے قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی سے مالی خطرات کم ہوں گے جبکہ اقتصادی استحکام کے لیے حکومت کی حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔






