اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جنگ بندی کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، امریکی قیادت کی جانب سے خطے میں امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا، "ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ان کے فعال کردار کے معترف ہیں۔ پاکستان اس نازک موقع پر سہولت کاری پر امریکا کا مشکور ہے۔ ہم نے جنگ بندی کو علاقائی امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے خطے میں قیام امن کے لیے کلیدی خدمات انجام دیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ حالیہ جنگ بندی ایک نئی شروعات کی علامت ہے، جو مسائل کے پرامن حل، علاقائی ترقی، خوشحالی اور دیرپا استحکام کی طرف ایک اہم قدم ہے۔






