دبئی/لاہور: کرکٹ کے میدان میں پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز دبئی میں کروانے کی بھارتی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انعقاد کے لیے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات چیت ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے حالیہ دنوں میں دبئی کو آئی پی ایل کے متبادل وینیو کے طور پر استعمال کرنے کے لیے ای سی بی سے رابطہ کیا تھا، تاہم بورڈ نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان پہلے ہی اپنے میچز کے حوالے سے معاملات طے کر چکا ہے۔
8 مئی کی رات پی سی بی نے باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے چند میچز دبئی میں منعقد کیے جائیں گے، جس کے بعد ای سی بی نے بھارت کو مطلع کیا کہ وینیو دستیاب نہیں ہے۔
نتیجتاً، بھارتی بورڈ کو آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنا پڑا، جب کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اب وہ ستمبر میں نئی ونڈو تلاش کر رہا ہے — تاہم ستمبر میں آئی پی ایل کا انعقاد ہونے کی صورت میں ایشیا کپ کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ کے لیے نہ صرف ایک سفارتی فتح ہے بلکہ خطے میں کھیلوں کے حوالے سے پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا واضح ثبوت بھی ہے۔ پی ایس ایل کے بین الاقوامی وینیوز پر انعقاد سے لیگ کی عالمی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔






