اسلام آباد: وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی میں پُرجوش انداز میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پر بھارتی حملے کی شدید مذمت کی اور پاک فضائیہ کی دفاعی کامیابیوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت قوم کے یک زبان ہونے اور دشمن کو واضح پیغام دینے کا ہے۔
حنیف عباسی نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا:
"بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، اب دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دیکھنا ہوگا۔ دشمن نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کیے، لیکن ہمارے شاہینوں نے اسے بھرپور جواب دیا۔”
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہی جنگی طیارے، جنہیں بھارت اپنی طاقت کا نشان سمجھتا تھا، آج پاک فضائیہ نے زمین بوس کر دیے۔
"ہم نے ٹارگٹڈ کارروائی کی، اپنی حدود میں رہ کر دشمن کو جواب دیا، ایک بھی شہری کو نقصان نہیں پہنچایا۔ یہ ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔”
حنیف عباسی نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ نیپال، کینیڈا، بنگلادیش، برطانیہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں بھارت دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ پاکستان تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور بے شمار قربانیاں دے چکا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی جانب سے پروپیگنڈے اور جھوٹے الزامات کا بھی بھرپور جواب دیا جائے گا، اور جو لوگ بیرونِ ملک جا کر پاکستان کی مخالفت کرتے ہیں، انہیں بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
"جو فوج پر تنقید کرے گا، وہ غدار وطن کہلائے گا۔ ہم جنگ سے فارغ ہو کر ایسے عناصر کو گھسیٹ کر وطن واپس لائیں گے۔”
حنیف عباسی کا دوٹوک انداز اور جذباتی خطاب ایوان میں جوش و جذبے کا باعث بنا، اور قومی یکجہتی کا پیغام دے گیا کہ پاکستان اپنے دفاع، عزت اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔






