اسلام آباد — وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا پوپ رابرٹ پریوسٹ کے انتخاب پر دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ دنیا بھر کے کروڑوں مسیحی عوام کے لیے خوشی اور امید کا باعث ہے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور مشترکہ امن کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور کہا کہ پاکستان ہر سطح پر مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان محبت، برداشت اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ویٹیکن میں کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کے انتخاب کے دوران، کارڈینل رابرٹ پریوسٹ کو پوپ منتخب کیا گیا۔ رابرٹ پریوسٹ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی امیگریشن پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی تھی اور سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دنیا بھر کے مسیحی رہنماؤں اور پیروکاروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اس تاریخی موقع پر ان کے ساتھ اپنی محبت و احترام کا پیغام دیا۔






