وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھارت کو دو ٹوک پیغام: شہداء کے خون کا حساب دینا ہوگا، قوم متحد ہے
لاہور — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی جارحیت پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کو بے گناہ شہریوں پر حملوں کا خمیازہ بھگتنا ہوگا اور شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ حساب لے گا۔ انہوں نے بھارتی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کو بروقت کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور دیگر شہروں میں پولیس، انتظامیہ اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل ممکن بنایا جا سکے۔
مریم نواز نے ڈرون حملوں میں زخمی ہونے والے شہریوں کے بہترین علاج کی فوری ہدایت کرتے ہوئے اسپتالوں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، اور کسی بھی دشمن کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
اس ضمن میں پنجاب حکومت نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عوامی و سیاسی حلقوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان کو قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی قرار دیا ہے اور پاک فوج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔






