اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

قومی سلامتی کا بھرپور اظہار: قومی قیادت متحد، مسلح افواج کو مکمل اختیار، بھارت کو منہ توڑ جواب

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیرِ اعظم ہاؤس میں ایک اہم اور غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سیکیورٹی حکام کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی، جس نے ملکی اتحاد اور یکجہتی کا واضح پیغام دیا۔

اجلاس کے دوران ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستان کی مسلح افواج کو بھرپور اور مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیے، تاکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دیا جا سکے۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی افواج کی جانب سے آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں پر بزدلانہ حملوں کے بعد پاکستان نے زبردست جوابی کارروائی کی۔ دشمن کے تین رافیل، ایک مگ-29، ایک ایس یو-30 لڑاکا طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا گیا، جو پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بھارتی جارحیت پر ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کرے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے پوری قوم کی جانب سے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا پیغام دیا اور کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن عزت اور وقار کے ساتھ۔

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کے ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا ہے کہ اس کی سرزمین پر دہشت گردوں کے کیمپس موجود ہیں، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button