اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

راولپنڈی میں ڈرون گرنے سے ایک شخص شدید زخمی

راولپنڈی: شہر کے معروف علاقے فوڈ اسٹریٹ کے قریب ڈرون گرنے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون درخت سے ٹکرا کر ایک دکان کے اندر جا گرا، جس کے نتیجے میں دکان میں آگ لگ گئی۔ آگ سے دکان کے شیشے اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے مزید جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا اور ڈرون کا ملبہ اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں مجموعی طور پر تین ڈرونز گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک فوڈ اسٹریٹ، دوسرا ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ، اور تیسرا اسکیم تھری کے قریب گرا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونز گرنے سے قبل کافی دیر تک فضا میں پرواز کرتے رہے۔

ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈرونز کی نوعیت اور ان کے ممکنہ مقاصد کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھیں۔ شہر میں حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button