"لاہور کے برکی اور والٹن میں دھماکوں کی آوازیں، شہریوں میں تشویش، سیکیورٹی اداروں کا فوری ردعمل”
ملک بھر میں سیکیورٹی اداروں کا بروقت ردعمل، ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا گیا
لاہور / گوجرانوالہ / چکوال / گھوٹکی – ملک کے مختلف علاقوں میں مشتبہ ڈرونز اور دھماکوں کی اطلاعات پر سیکیورٹی اداروں، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو کنٹرول کر لیا ہے، جس سے ایک بڑے ممکنہ خطرے کو بروقت ٹالا گیا۔
لاہور کے علاقوں برکی اور والٹن میں دھماکے سنے جانے کے بعد شہری گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو محفوظ بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق دھماکوں کی نوعیت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب، گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں ٹوکریاں کے قریب کھیتوں میں ایک ڈرون کا ملبہ برآمد ہوا، جسے سیکیورٹی فورسز نے اپنے قبضے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
اسی طرح چکوال کے علاقے ڈھمن، دیوالیاں کے قریب بھی ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ملی، جس کا ملبہ پولیس نے قبضے میں لے کر تفتیشی اداروں کے حوالے کر دیا ہے۔
گھوٹکی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، ایک اور واقعے میں دو کسان زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، اور متاثرہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا گیا ہے۔
ان تمام واقعات کے تناظر میں وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے کی تصدیق کی ہے، جو کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
ملکی سلامتی کے ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔






