لاہور – موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت تمام اضلاع میں ہائی الرٹ کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس فورس مکمل طور پر تیار اور چوکس ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس کی آپریشنل، اسٹریٹیجک اور لاجسٹک تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تمام ادارے مشترکہ طور پر عوام کے تحفظ کے لیے کوشاں ہیں۔
آئی جی پنجاب نے پرعزم انداز میں کہا: "پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
یہ اقدامات نہ صرف فورس کی تیاری کا ثبوت ہیں بلکہ عوام میں اعتماد اور احساسِ تحفظ پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔






