بھارتی جارحیت پر قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس، پاک فوج کو بھرپور جوابی کارروائی کا اختیار
اسلام آباد: بھارتی حملوں کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کا فیصلہ کیا گیا اور پاک فوج کو بھرپور جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سروسز چیفس، وفاقی وزرا اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد سمیت کئی پاکستانی علاقوں پر کیے گئے بلا اشتعال حملوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق یہ حملے میزائل، فضائی اور ڈرون ذرائع سے کیے گئے، جن میں شہری آبادی، مساجد اور نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں خواتین، بچوں سمیت کئی معصوم شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے، اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ بھارت نے ان حملوں کا جواز پاکستان میں نام نہاد دہشت گرد کیمپوں کی موجودگی کو بنایا، حالانکہ پاکستان نے 22 اپریل کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کو ان مقامات تک رسائی دی گئی تھی، اور مزید دوروں کا شیڈول طے تھا، جس سے گھبرا کر بھارت نے کارروائی کی۔
قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی جارحیت کو اقوام متحدہ کے چارٹر، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور ان کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاک فضائیہ نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی جنگی طیارے اور کئی ڈرونز مار گرائے، اور دشمن کے حملوں کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان اپنے دفاع کے لیے وقت، مقام اور طریقہ کار کا تعین خود کرے گا۔
اجلاس کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا کہ وزیراعظم قوم سے اہم خطاب کریں گے اور قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کا خطاب سہ پہر تین بجے نشر کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی جرات، بہادری اور بروقت دفاعی حکمت عملی پر فخر کرتی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کا سخت نوٹس لے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔






