اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک کو وزارتِ اوورسیز پاکستانیز، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
اس اہم تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن دونوں وفاقی وزارتوں کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے، جو کہ مصطفیٰ ملک کے سیاسی اور سماجی خدمات کے اعتراف کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مصطفیٰ ملک کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی شمولیت سے پارٹی کارکنان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی اور وزارتی امور میں بہتر ہم آہنگی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "وزارتیں پارٹی اور قوم کی امانت ہیں، ہم ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”
اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مصطفیٰ ملک نے کہا کہ وہ اس اعتماد پر چوہدری شجاعت حسین اور ان کے صاحبزادگان کے بے حد مشکور ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی رواداری، حب الوطنی، اور عوامی خدمت کے چوہدری شجاعت حسین کے مشن کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
یہ تقرری اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ حکومتی سطح پر ایسی قیادت کو ترجیح دی جا رہی ہے جو نہ صرف سیاسی فہم رکھتی ہو بلکہ عوامی خدمت کے جذبے سے بھی سرشار ہو۔






