اسلام آباد/کوالالمپور: 6 مئی 2025
جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ملائیشیا نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں اس پیشکش کا اظہار کیا۔
انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے اس مؤقف کی حمایت کرتا ہے کہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے میں کشیدگی جلد کم ہوگی اور دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم سے رابطے کے دوران پاکستان کے مؤقف کو دوٹوک انداز میں دہرایا اور کہا کہ پاکستان تحقیقات میں ملائیشیا کی شمولیت کا خیرمقدم کرے گا۔
علاقائی تناؤ کے تناظر میں ایران کی جانب سے بھی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی حالیہ دنوں اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک بھارت کشیدگی کے ممکنہ اثرات اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں واضح کیا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔






