معدنیات بل پر مشاورت: بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر عملدرآمد، جنید اکبر کا بیان
پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین (بانی پی ٹی آئی) نے مجوزہ معدنیات بل سے متعلق اہم ہدایات جاری کی ہیں جن پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے بل پر ووٹنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، اور واضح کیا ہے کہ جب تک ان کی براہِ راست ملاقات پارٹی قیادت سے نہیں ہوتی، اس وقت تک بل کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
جنید اکبر نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات تمام متعلقہ اراکینِ اسمبلی تک پہنچا دی گئی ہیں تاکہ پارٹی مؤقف میں یکسانیت برقرار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے اپنی رپورٹ مکمل کر کے مرکزی قیادت کو ارسال کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف شفاف قانون سازی اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنے پر یقین رکھتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ کسی بھی قانون پر حتمی فیصلہ پارٹی کے اندرونی مشاورتی عمل کے بعد ہی کیا جائے گا۔






