وفاقی وزیر مصدق ملک کی جنیوا میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں، عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش
جنیوا – وفاقی وزیر برائے توانائی مصدق ملک نے جنیوا میں جاری عالمی ماحولیاتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کی، اور مختلف بین الاقوامی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں۔
جنیوا میں ماحولیات سے متعلق ایک اہم مباحثے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ترقی پذیر ممالک کے مؤقف کی بھرپور ترجمانی کی۔ انہوں نے کہا کہ "ترقی پذیر ممالک سے ماحولیاتی بہتری کی توقعات اس وقت تک غیر مؤثر رہیں گی جب تک انہیں مالی و تکنیکی وسائل فراہم نہیں کیے جاتے۔”
مصدق ملک نے جنیوا میں قطر کے وزیر ماحولیات ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کی، جس میں ماحولیاتی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ماحولیاتی تحفظ، قابلِ تجدید توانائی اور پائیدار ترقی جیسے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے یورپین کمیشن کے ڈائریکٹر برائے سرکلر اکانومی سے بھی ملاقات کی، جہاں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سرکلر اکانومی، توانائی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر کی ان سرگرمیوں کو پاکستان کے ماحولیاتی ایجنڈے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف پاکستان کے مثبت امیج کو بہتر بنانے میں مدد دے گی بلکہ بین الاقوامی تعاون کے دروازے بھی کھولے گی۔






