اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

مون سون اسٹریٹجک پلان 2026 میں خطرات اور بچاؤ کے اقدامات کی نشاندہی کر دی گئی

اسلام آباد: وفاقی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی نے آئندہ سال مون سون کے دوران سیلابی نقصانات سے بچاؤ کے لیے “مون سون 2026 اسٹریٹجک پلان” جاری کر دیا ہے، جس میں ملک بھر میں ممکنہ خطرات اور بچاؤ کے جامع اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وزارت کے مطابق پاکستان کو مون سون میں پانچ اقسام کے سیلابی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جن میں دریائی سیلاب، پہاڑی ریلے، اربن فلڈنگ، گلاف (GLOF) پھٹنے کے واقعات اور سمندری طوفان شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے 55 علاقے شدید سیلابی اثرات کا شکار ہو سکتے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 15 اضلاع خصوصی طور پر خطرے کی زد میں ہیں۔

اسٹریٹجک پلان میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں پانی کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ، چھوٹے ڈیم اور چیک ڈیمز کی تعمیر، شہری علاقوں میں نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی بہتری شامل ہے۔ شہری علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ نکاسی آب کے قدرتی راستے بحال رہیں۔

گلاف سے بچاؤ کے لیے ارلی وارننگ سسٹم نصب کرنے، ہیزرڈ میپس لگانے اور حساس علاقوں میں نگرانی نظام مضبوط بنانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں مینگروز کے جنگلات بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ سمندری طوفانوں کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر پیشگی اقدامات اور مربوط حکمتِ عملی پر عملدرآمد کی سفارش بھی پلان کا حصہ ہے۔ وزارت نے متعلقہ اداروں کو جلد از جلد ان اقدامات پر عمل شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button