واشنگٹن / نئی دہلی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ٹیلی فونک گفتگو میں زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے تعمیری اقدامات کریں۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس کے مطابق، وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ کوششوں کے حوالے سے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ امریکی وزیر خارجہ نے پہلگام حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔
ٹیمی بروس کے مطابق، مارکو روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی عالمی سلامتی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، اور فریقین کو چاہیے کہ سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کو ترجیح دیں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہیں۔ امریکا کی جانب سے دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل بین الاقوامی برادری کے سفارتی کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔






