مذاکرات سےکبھی انکار نہیں کیا، پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ کچھ عناصر اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ بنانے کے خواہشمند ہیں۔
مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حالیہ واقعات افسوسناک ہیں اور نہیں ہونے چاہییں تھے۔ ان کے مطابق کچھ لوگ ’آگ لگوانا‘ چاہتے ہیں تاکہ اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان غلط فہمیاں برقرار رہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی پارٹی نے کسی محاذ آرائی کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل کی حامی رہی ہے اور چاہتی ہے کہ حالات بہتر ہوں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں کے کردار کو سراہتے ہیں اور ہمیشہ یہ مؤقف اپنایا ہے کہ مضبوط فوج ہی پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب محاذ آرائی پر مبنی بیانات سامنے آتے ہیں تو حالات ایک فریق کے ہاتھ میں نہیں رہتے۔ انہوں نے پریس کانفرنس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت دشمن قوتیں چاہتی ہیں کہ محاذ آرائی بڑھے، جبکہ سیاست میں مائنس فارمولا نہیں بلکہ مل جل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔






