بھارت کی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، گورنر پنجاب سلیم حیدر خان
لاہور: گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، اور پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں بھی بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں۔
سلیم حیدر خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گرد عناصر کو مالی معاونت فراہم کرنے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جدید ایٹمی طاقت ہے جس کا خوف دشمنوں کو بے چین رکھتا ہے، خصوصاً بھارتی قیادت کو۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈین آرمی پاکستان میں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی اور اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اُسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والا نہیں۔
گورنر پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کی بقاء اور سلامتی کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔






