اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھارتی فضائیہ (انڈین ائیر فورس) کے چار رافیل جنگی طیاروں نے بھارتی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے فضائی علاقے میں پٹرولنگ کی۔ یہ پیش رفت پاک-بھارت سرحدی کشیدگی کے تناظر میں ایک سنگین واقعہ تصور کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی فضائیہ (پاکستان ائیر فورس) نے ان بھارتی طیاروں کی فضائی نقل و حرکت کو فوراً ٹریس کر لیا اور انہیں مانیٹر کرتے ہوئے فوری ردعمل دیا۔ پاک فضائیہ کی مستعدی اور بروقت ردعمل کے باعث بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر فوری طور پر واپسی پر مجبور ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ ہر قسم کی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی فضائی، زمینی اور بحری حدود کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر مستعد اور چوکنا ہیں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر واضح کرتا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود ناقابل تسخیر ہیں اور کسی بھی غیر معمولی حرکت پر فوری اور مؤثر ردعمل دیا جاتا ہے۔






