عمر ایوب پی ٹی آئی بانی سے بھی مخلص نہیں، وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں: شرجیل میمن
کراچی — سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ صرف سندھ بلکہ اپنی ہی جماعت کے بانی سے بھی مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے عمر ایوب پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاسی مفادات کے لیے بار بار وفاداریاں تبدیل کرتے رہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمر ایوب "وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں” اور وہ صرف ذاتی فائدے کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "عمر ایوب کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے مختلف اوقات میں پارٹیوں کو بدلا اور آج بھی پی ٹی آئی میں اپنا مقام پانے کے لیے سرگرم ہیں۔”
شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ "پی ٹی آئی کے کچھ رہنما، جن میں عمر ایوب بھی شامل ہیں، چاہتے ہیں کہ پارٹی کے بانی جیل میں ہی رہیں تاکہ وہ خود آگے آ کر اپنی سیاسی دکان چمکا سکیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو آئین، ایٹمی پروگرام، میزائل ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر ایک شناخت دلانے کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر ہے، جس کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔
شرجیل میمن کے اس بیان کے بعد ملکی سیاسی درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ عمر ایوب کی جانب سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔






