اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارت کی ممکنہ فوجی کارروائی کا خطرہ، پاکستان کا دوٹوک ردعمل: عطا اللّٰہ تارڑ

اسلام آباد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ مستند انٹیلیجنس اطلاعات کے مطابق بھارت، پہلگام واقعے سے جڑے بےبنیاد اور خودساختہ الزامات کی آڑ میں اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے اندر پاکستان کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، اور پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔

عطا تارڑ نے واضح کیا کہ بھارت خطے میں مدعی، منصف اور جلاد بننے کی کوشش کر رہا ہے، جسے پاکستان مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر غیرجانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ تاہم بھارت نے غیرمعقول رویہ اختیار کرتے ہوئے تصادم کی راہ چنی، جو خطے اور دنیا میں سنگین نتائج کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے غیرجانبدار تحقیقات سے انکار اس کے اصل مقاصد کو بےنقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ سیاسی مفادات کے حصول کے لیے بےگناہوں کی جان لینا اور جھوٹے الزامات عائد کرنا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

آخر میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے، کیونکہ کسی بھی فوجی مہم جوئی کی صورت میں اس کے نتائج نہایت تباہ کن ہوں گے، جن کی مکمل ذمے داری بھارت پر عائد ہوگی۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button