اسلام آباد: گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری! محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گرد و نواح میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جہلم، چکوال، اٹک، گجرات، منڈی بہاؤالدین، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات، چترال، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، کرم، خیبر اور وزیرستان سمیت دیگر مقامات پر بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے شہریوں کو بھی خوشخبری دی ہے، جہاں کراچی، عمرکوٹ، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، خیرپور اور میرپور خاص میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کریں۔
موسم کی یہ خوشگوار تبدیلی شہریوں کے لیے نہ صرف راحت کا باعث بنے گی بلکہ زرعی شعبے پر بھی مثبت اثر ڈالنے کی امید ہے۔






