اہم خبریںپاکستانتازہ ترینلمحہ با لمحہ

بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے بلکہ عملی طور پر دہشت گرد عناصر کی مالی معاونت اور تربیت کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ دنوں میں چار بھارتی دہشت گردوں کی شناخت کی گئی ہے، جو ٹیرر فنانسنگ اور دہشت گردی کی وارداتوں میں براہ راست ملوث پائے گئے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جہلم کے بس اسٹینڈ سے ڈھائی کلوگرام وزنی بم برآمد کیا گیا، جس کی بروقت نشاندہی نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ اس کے ساتھ ہی، بھارتی ہینڈلرز کی واٹس ایپ چیٹس اور وائس میسجز بھی حاصل کیے گئے ہیں، جن کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔ ان پیغامات میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور فنڈنگ کی تفصیلات شامل ہیں۔

میجر جنرل نے مزید بتایا کہ ایک بھارتی ڈرون کو قبضے میں لیا گیا جس سے دس لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک بھارتی فوجی، جس کا نام سکھوندر بتایا گیا ہے اور جو بھارتی فوج میں صوبے دار کے عہدے پر فائز ہے، دہشت گردوں کی پشت پناہی میں شامل ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ تمام شواہد اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ بھارت کی ریاستی مشینری، خاص طور پر بھارتی فوج، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں براہ راست ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مزید شواہد جلد منظر عام پر لائے جائیں گے اور عالمی برادری کو اس معاملے پر سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button