بھارت کے سامنے حکومت نے سرنڈر کر دیا، مؤثر جواب صرف بانی پی ٹی آئی دے سکتے ہیں: عمر ایوب
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی دھمکیوں کے باوجود حکومتی رویہ کمزوری کا عکاس ہے اور موجودہ قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دینے کی سکت نہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ "وزیراعظم نے کاکول میں ایسی تقریر کی جو ملکی سلامتی پر ضرب کے مترادف تھی، موجودہ حکومت بھارت کے سامنے سرنڈر کر چکی ہے۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت بار بار حملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے، مگر حکومت "تحقیقات کی پیشکش” کر کے دوستی کی پینگیں بڑھا رہی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ "صرف بانی پی ٹی آئی ہی ایسے وقت میں بھارت کو مؤثر اور دوٹوک جواب دے سکتے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ وہ ایک ہفتے سے مسلسل حکومت کو بھارتی حملے کے ممکنہ خطرے سے خبردار کر رہے ہیں، مگر حکومتی ردعمل میں سنجیدگی اور سختی کا فقدان ہے۔
عمر ایوب نے پہلگام حملے کو ہندوستان کی سیکیورٹی ناکامی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "جہاں سے حملہ ہوا یا کوشش کی گئی، ہمیں وہاں سے دشمن کو تباہ کرنے کا پیغام دینا چاہیے تھا۔”
رہنما تحریک انصاف نے معاشی بدانتظامی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ایران سے 500 ارب روپے سے زائد کا تیل اسمگل ہو رہا ہے جبکہ ملک کی ریفائنریز بند پڑی ہیں، جو حکومتی غفلت اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اپوزیشن کا یہ جارحانہ مؤقف ممکنہ بھارتی اقدامات کے تناظر میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے، تاہم اس وقت قومی یکجہتی اور مربوط پالیسی کی اشد ضرورت ہے۔






