اہم خبریںدنیالمحہ با لمحہ

پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور آپریشنل مسائل، دہلی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹوں میں 510 پروازیں تاخیر کا شکار

نئی دہلی: پاکستانی فضائی حدود کی بندش اور دیگر آپریشنل وجوہات کے باعث دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا۔ پیر کے روز صرف 12 گھنٹوں کے دوران 510 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق پیر کی دوپہر 1 بجے سے رات 1 بجے کے درمیان آمد کی 250 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جب کہ اسی دوران روانگی کی 260 پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پر آمد کی پروازوں میں اوسط تاخیر 55 منٹ ریکارڈ کی گئی، جب کہ روانگی کی پروازیں 65 منٹ کی اوسط تاخیر کا شکار ہوئیں۔ آمد کی پروازوں میں خلل کا انڈیکس 4.6 تک پہنچا، جبکہ روانگی کی تاخیر کا انڈیکس خطرناک حد 5 پر جا پہنچا۔

سب سے زیادہ تاخیر اندرونِ ملک کی پروازوں میں دیکھی گئی، جہاں مختلف شہروں سے آنے والی اور جانے والی پروازوں کے اوقات بری طرح متاثر ہوئے۔ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارت کی بین الاقوامی پروازیں پہلے ہی متبادل طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ایندھن، وقت اور لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق مسلسل تاخیر سے نہ صرف مسافروں کو پریشانی ہو رہی ہے بلکہ بھارتی ایئرلائنز کو مالی نقصان اور ساکھ کے بحران کا بھی سامنا ہے۔ دہلی ایئرپورٹ حکام کی جانب سے صورت حال کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم حالات کی سنگینی برقرار ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button