اہم خبریںدنیا

کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات: بعض علاقوں میں ووٹنگ مکمل، لبرلز اور کنزرویٹوز میں کانٹے کا مقابلہ

اوٹاوا: کینیڈا کے پارلیمانی انتخابات کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے قریب ہے۔ ابتدائی نتائج میں لبرل اور کنزرویٹو پارٹیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اب تک لبرل پارٹی کے 97 امیدوار کامیابی حاصل کر چکے ہیں اور مزید 59 حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کے 90 امیدوار کامیاب قرار دیے جا چکے ہیں اور وہ بھی 59 نشستوں پر سبقت لیے ہوئے ہیں۔

علاقائی جماعت بلاک کیوبک کے 15 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ مزید 25 نشستوں پر انہیں برتری حاصل ہے۔ این ڈی پی (نیو ڈیموکریٹک پارٹی) کے ایک امیدوار کو اب تک کامیابی ملی ہے، اور پارٹی مزید 9 نشستوں پر آگے ہے۔

انتخابات میں 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدوار بھی مختلف جماعتوں کی جانب سے میدان میں ہیں، جو مختلف حلقوں میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ ان امیدواروں کی شمولیت سے پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی نمائندگی میں اضافے کی امید کی جا رہی ہے۔

تمام بڑی جماعتوں کے قائدین اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں، جبکہ سب سے پہلے پولنگ نیو فاؤنڈ لینڈ اور لیبراڈور میں مکمل ہوئی۔

واضح رہے کہ کینیڈا کی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں کل 343 نشستیں ہیں، اور حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 172 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔

الیکشن سے قبل پارلیمنٹ میں لبرل پارٹی کے پاس 152 نشستیں تھیں، کنزرویٹو پارٹی 120 نشستوں کی حامل تھی، جبکہ بلاک کیوبک کے پاس 33 اور این ڈی پی کے پاس 24 نشستیں تھیں۔

انتخابات کی گہماگہمی کے دوران عالمی سیاست بھی موضوع بنی رہی۔ سابق بینکار اور معروف معیشت دان مارک کارنی نے دعویٰ کیا کہ وہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤثر سیاسی مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ دوسری طرف کنزرویٹو رہنما پئیغ پولی ایوغ نے کہا کہ "صدر ٹرمپ ہمارے الیکشن سے دور رہیں، کینیڈا کے عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔”

کینیڈا میں اس بار ہونے والے انتخابات نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سیاسی حلقوں میں بھی بڑی دلچسپی سے دیکھے جا رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button