پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی دیوار ہے، بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے: عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا اور دہشت گردی کے درمیان ایک مضبوط دیوار ہے اور ملک کی سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
پہلگام واقعے پر غیر ملکی میڈیا کو دی گئی بریفنگ میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا علم بلند رکھا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ اس کے خلاف بھرپور کارروائیاں بھی کی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ گزشتہ ماہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرکے مسافروں کو یرغمال بنایا گیا، جس کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی، تاہم بھارت نے اس واقعے پر خاموشی اختیار کر کے اپنے رویے کی عکاسی کی۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ پاکستان کے پاس بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو جیسے واقعات بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، جبکہ دہشت گرد فنڈز اور ہتھیار بھی بھارت سے فراہم کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں بھی ایسے واقعات میں ملوث پایا گیا ہے، جن میں سکھ رہنماؤں کے قتل جیسے معاملات بھی شامل ہیں، جن کے ثبوت مختلف ممالک نے پیش کیے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، اور سوال اٹھایا کہ محض 10 منٹ میں ایف آئی آر کیسے درج کی گئی؟ یہ معاملہ شفافیت اور سنجیدگی کا متقاضی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک خوارج جیسے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سامنے ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست کے طور پر کھڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر رہا ہے۔






