اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیر دفاع خواجہ آصف کا دوٹوک مؤقف: دراندازی کی صورت میں بھارت کو متناسب سے زیادہ جواب دیا جائے گا

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی دراندازی یا حملے کی کوشش کی تو پاکستان متناسب سے زیادہ جواب دے گا۔

روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا، اور اگر بھارت نے صورتحال کو مزید نہ بگاڑا تو پاکستان بھی کسی قسم کی فوجی کارروائی سے گریز کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن و استحکام کے حامی ہیں اور کسی جارحانہ اقدام میں پہل نہیں کریں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے خطرہ اب بھی برقرار ہے اور پہلگام حملے کی حقیقت پر کئی سوالات اٹھ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک ایسے دشمن کا سامنا ہے جس پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو "اصل دہشتگرد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور کینیڈا جیسے ممالک بھی مودی پر دہشتگردی کے الزامات لگا چکے ہیں جن کی ابھی تک کوئی مؤثر تردید سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جاری بدامنی میں بھارت کا ہاتھ ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر بھارت، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کی گئی امن کی پیشکش کو قبول کرتا ہے تو یہ ایک مثبت قدم ہوگا، تاہم موجودہ حالات میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا قریبی ہمسایہ ہے، جو خطے کی پیچیدہ صورتحال کو بخوبی سمجھتا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے پیشکش کی گئی ہے کہ دنیا کا کوئی بھی غیر جانبدار ملک پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button