پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز، آخری پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی
اسلام آباد: پاکستان سے عازمینِ حج کی حجازِ مقدس روانگی کا سلسلہ 29 اپریل سے شروع ہو رہا ہے جو 33 روز تک جاری رہے گا، جبکہ آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق ابتدائی 15 دنوں میں عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ حج آپریشن کے پہلے دن یعنی 29 اپریل کو مجموعی طور پر چھ پروازیں سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گی۔
اسلام آباد سے قومی ایئرلائن کی پرواز صبح پونے پانچ بجے 393 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ لاہور سے نجی ایئرلائن کی پہلی پرواز صبح ساڑھے آٹھ بجے 150 عازمین کو مدینہ منورہ لے جائے گی، جبکہ دوسری پرواز رات سوا 10 بجے 329 عازمین کے ہمراہ روانہ ہوگی۔
کوئٹہ سے قومی ایئرلائن کی پرواز صبح ساڑھے نو بجے 150 عازمین کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگی۔ اسی روز ملتان سے قومی ایئرلائن کی پرواز رات سوا 8 بجے 393 عازمین کے ساتھ روانہ ہوگی۔
کراچی سے نجی ایئرلائن کی پرواز رات ساڑھے نو بجے 285 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔
عازمینِ حج کی سہولت کے لیے تمام بڑے شہروں سے پروازوں کا سلسلہ مربوط انداز میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ بخیر و عافیت اپنے مقدس سفر پر روانہ ہو سکیں۔






