کراچی: راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ میں میچ فکسنگ کے راز فاش کرنے کی دھمکی دے دی۔
راشد لطیف نے کہا کہ کتاب لکھنا شروع کر دی ہے، کرکٹ میچ فکسنگ 90 کی دہائی میں عروج پر تھی۔
راشد لطیف نے اپنی کتاب میں بڑے انکشافات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب کو بتاؤں گا کہ فکسنگ کیسے ہوئی؟ کس نے کیا؟
انہوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں کرکٹ میں کیا ہو رہا تھا، میں آپ کو یہ بھی بتاؤں گا اور یہ بھی بتاؤں گا کہ کس سابق کپتان نے صدارتی معافی کی درخواست جمع کرائی؟
2004 میں ریٹائر ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ راشد لطیف نے اپنی سوانح عمری جاری کرنے کی بات کی ہے۔
پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے بہترین وکٹ کیپر مانے جانے والے راشد لطیف نے پہلی بار 1994 میں میچ فکسنگ کرپشن اسکینڈل کی طرف توجہ مبذول کروائی، جب انہوں نے اور باسط علی نے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، دونوں کھلاڑیوں کا موقف تھا کہ وہ ڈریسنگ روم کے موجودہ ماحول میں مزید کھیل جاری نہیں رکھ سکتے۔






