ہم نے پاکستان میں آزادانہ زندگی گزاری، ہمیں کوئی شکایت نہیں، افغان قونصل جنرل
پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان میں آزادانہ زندگی گزاری، ہمیں کوئی شکایت نہیں، ہمارا اپنا ملک اور اپنا نظام ہے، اب افغانستان میں کسی کو فکر نہیں کرنی چاہیے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ محب اللہ شاکر کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین نے 40 سال پاکستان میں گزارے، افغانستان پر حملے کے بعد افغان مہاجرین خالی ہاتھ پاکستان آئے،
اب افغان مہاجرین کے اپنے ملک واپس جانے کا ماحول ہے، افغانستان میں اب امن اور اسلامی حکومت قائم ہے۔
حافظ محب اللہ شاکر نے کہا کہ افغانستان میں افغانیوں کو صحت اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، افغان مہاجرین کے لیے افغانستان میں کمیشن بنا دیا گیا ہے، طورخم بارڈر کے اس پار افغانستان میں کیمپ قائم کیا گیا ہے، مہاجرین کو وطن واپسی پر تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
افغان قونصل جنرل نے کہا کہ افغان مہاجرین اپنے ملک میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور آرام سے رہ سکتے ہیں، کنڑ میں تاجروں کو زمین دی جا رہی ہے، کاروبار کے لیے ماحول سازگار ہے۔
حافظ محب اللہ شاکر نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر کوئی پابندی نہیں، افغانستان میں ایسی خواتین بھی ہیں جو پاسپورٹ آفس میں کام کرتی ہیں۔





